اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 کانفرنس کی مخالفت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے نے ایف 8 سے سرینا چوک تک ریلی میں شرکت کی، سردار تنویر الیاس خان نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو یاداشت پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے حل بارے اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عمل کراتے ہوئے رائے شماری کرائے۔
سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ 75 سال سے ہندوستان کشمیریوں پر مظالم کر رہا اور کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیری اقوام عالم سے رائے شماری کا مطالبہ کر رہے لیکن نام نہاد جمہوریت کے دعویدار خاموش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں جی 20 اجلاس کیخلاف مذمتی قرار داد منظور
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں نریندرا مودی ہندوتوا نظریہ کیساتھ غیر ہندوؤں کو کچل رہا، انشاء اللہ بھارت کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہو گا، ہندوستان میں بسنے والے 27 کروڑ مسلمان آخر کب کلمہ کیساتھ کھڑے ہوں گے۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ کشمیریوں جیسا ہمت ، حوصلہ ، صبر اور جدوجہد کسی دوسری قوم کو حاصل نہیں، بھارت عالمی طور پر متنازعہ خطے مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوینٹی کانفرنس منعقد کر کے 5 اگست 2019 کے اقدام کو منوانا چاہ رہا ہے لیکن چین ، ترکی ،سعودی عرب اور مصر نے جی 20 کانفرنس کا بائیکاٹ کر کے کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری نگر میں جی 20 اجلاس کا آج سے آغاز، کنٹرول لائن کے دونوں جانب مکمل ہڑتال
انہوں نے کہا کہ آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت پوری دنیا میں موجود کشمیری ان ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کشمیری حریت رہنماؤں یاسین ملک، عمر فاروق، آسیہ اندرابی، مسرت عالم و دیگر کو بھارتی ریاست قید و بند کر کے آزادی کی تحریک پر اثر انداز ہونا چاہ رہی ہے لیکن کشمیری ہر صورت بھارت سے آزادی لیکر رہیں گے۔
اس موقع پر سابق وزیر و رکن اسمبلی علی شان سونی، سابق رکن اسمبلی و معروف عالم دین پیر سید علی رضا بخاری، سابق سیاسی مشیر سردار افتخار رشید، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز خان، سابق ترجمان عرفان اشرف، سابق معاون خصوصی سردار افنان نواز و دیگر نے بھی خطاب کیا۔