تحریک انصاف کے ایم این اے فیض اللہ کموکا نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا

Published On 22 May,2023 09:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فیصل آباد سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے فیض اللہ کموکا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیض اللہ کموکا نے کہا کہ مجھے سیاست میں 30 سال کا عرصہ گزر چکا ہے، میں نے ایمانداری کے ساتھ اپنے لوگوں کے ساتھ محبت کی جس کے جواب میں محبت ملی۔

انہوں نے کہا کہ میں پنجاب اسمبلی کا ممبر رہا، قومی اسمبلی کا رکن رہا، میرا ضمیر مطمئن ہے میں نے ایمانداری سے کام کیا، ہمارے لئے مملکت خداداد اللہ کا بہت بڑا تحفہ ہے، یہ سرزمین جس پر ہم بہتر سے بہتر زندگی گزار رہے ہیں ہمیشہ کوشش کی اس کے چپے چپے کی حفاظت کے لیے قدم اٹھائیں۔

یہ بھی پڑھیں: شیریں مزاری اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پھر گرفتار

فیض اللہ کموکا نے کہا کہ میری نظر میں سیاست پُرامن طریقے سے ہونی چاہئے، 9 مئی سے قبل میرے اوپر ایک ایف آئی آر نہیں ہوئی، 9 مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، میں کسی بھی جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں شامل نہیں تھا، میں بغیر کسی دباؤ تحریک انصاف کے ویسٹ پنجاب کے صدر سے استعفی دیتا ہوں، میں تحریک انصاف سے بھی علیحدگی اختیار کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جتنے بھی لوگ ہیں ان میں سے اکثریت تشدد کے خلاف ہے، پارٹی چھوڑنا میرا ذاتی فیصلہ ہے میرا پارٹی کے دیگر لوگوں سے رابطہ نہیں ہے۔

Advertisement