ہماری قوم اپنے شہدا کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے: وزیراعظم

Published On 25 May,2023 10:06 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پوری قوم یوم تکریم شہدا پاکستان انتہائی عقیدت سے منا رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن شہدا، غازیوں کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار ہے، میں 9 مئی کے پر تشدد اور المناک واقعات کو محض ایک احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ان پر تشدد واقعات کی منصوبہ بندی کی وہ بہت ہی خطرناک تھے، کچھ لوگوں نے اقتدار کے ہوس میں ان مذموم واقعات کی ترغیب دی جو پہلے کبھی نہیں ہوا، مذموم کارروائیوں میں شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنا کر بے حرمتی کی گئی۔

 

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ریاست کی نشانیوں پر حملہ کر کے شرپسندوں نے پاکستان کے نظریئے اور تشخص پر حملہ کیا ہے، یہ مذموم واقعات ملک دشمن عناصر کو خوشی منانے کی وجہ فراہم کر رہے ہیں، ہماری قوم اپنے شہدا کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔

یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

 

Advertisement