کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے وزیر امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان دشمن جماعت ثابت ہو گئی ہے، ان کو سزا ملے گی۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما شیخ امتیاز نے کہا ہے کہ صحافیوں سے چولی دامن کا واسطہ ہے، شمسی توانائی کے منصوبے بڑے پیمانے پر سندھ حکومت نے شروع کر دیئے ہیں، سندھ کے بڑے ہسپتالوں کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا ہے، سرکاری عمارتوں، سکول اور جیلوں کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے سندھ حکومت پر عزم ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ جن ممالک سے تعلقات خراب تھے اب وہاں سے مثبت اشارے مل رہے ہیں، عمران خان کی حکومت نے سازش کے تحت ملک کی معیشت خراب کی، عمران خان کی حکومت میں سندھ کے توانائی کے منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، پیپلز پارٹی آئندہ الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، بلدیاتی انتخابات میں لوگوں نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا، کراچی کا مئیر جیالا ہوگا۔