9مئی کے واقعات سوچی سمجھی منصوبہ بندی تھی، شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں :عطا تارڑ

Published On 01 June,2023 03:17 pm

اسلام آباد : (دنیانیوز) و وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کاکہنا ہے کہ9مئی کے واقعات ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی تھی، شرپسند کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کاکہنا ہے کہ  پارٹی چیئرمین نے کارکنان کو ہدایات جاری کررکھی تھیں، لوٹے ہوئے70ارب روپے قوم کے پیسے تھے، فوجی تنصیبات پر دھاوا بولنے والوں نے ملکی سالمیت پر حملہ کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قوم کا 190 ملین  پاؤنڈ قومی خزانے میں نہیں جمع کروایا گیا،9 مئی کے واقعات پر شہید قرار دے کر فوٹیج چلوا کر پروپیگنڈا کیاگیا،ایک واقعہ ہوا ہی نہیں اس کو اصل بنا کرپیش کیاگیا،جھوٹی تصاویر اور ویڈیوز کو 9 مئی سے لنک کیا جارہا ہے۔

عطاتارڑ نے کہا کہ کسی خاتون کے ساتھ بدتمیزی کا  تصور نہیں کیا جاسکتا ، کسی خاتون کے ساتھ نہ بدتمیزی ہوئی نہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ، بیرون ملک سے مدداور عالمی میڈیا کی توجہ کیلئے جھوٹی مہم چلائی گئی، خواتین محفوظ ہیں اور جیل مینوئل کے مطابق جو سہولیات ہیں، انہیں  دی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر وہ کام کیا جارہا ہے جو جرائم پیشہ اور ملک دشمن لوگ کرتے ہیں، آفیشل اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرتے ہیں اور پھر ڈیلیٹ کردیتے ہیں، بچوں کا نام لے کر سیاست نہ کی جائے ۔ 

عطاتارڑ کاکہنا تھا کہ شرپسندوں کو کیفر کردار تک پہچنا ہے ، یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، قانون کے آہنی ہاتھ ان سے نمٹیں گے۔
 

Advertisement