لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری آج بھی لاہور میں مصروف دن گزاریں گے۔
آصف زرداری آج پیپلزپارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔
سابق صدر آصف زرداری نے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید، جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ اور انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ کو بلاول ہاؤس طلب کیا ہے، بلاول ہاؤس میں وسطی پنجاب سے 6 با اثر لوگ پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری آج شام 6 بجے بلاول ہاؤس میں پارٹی میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والوں کا بیک گراؤنڈ دیکھ کر شمولیت کا فیصلہ کیا جا رہا ہے، آصف علی زرداری آج آئندہ انتخابات کے حوالے سے پنجاب قیادت سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آصف علی زرداری لاہور میں مزید 2 روز قیام کریں گے۔