18 ویں ترمیم کو 13 سال مکمل، آئین بحالی کا سہرا آصف زرداری کو جاتا ہے، شیری رحمان

Published On 19 April,2023 11:49 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج تاریخ ساز 18 ویں ترمیم کی منظوری کو 13 سال مکمل ہو گئے ہیں، 73 کے آئین کی بحالی کا سہرا پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت اور اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے پیچھے صدر آصف زرداری کا صوبائی خودمختاری اور حقوق کا وژن تھا، انہوں نے صدر کو حاصل تمام حقوق پارلیمنٹ اور منتخب وزیراعظم کو منتقل کئے۔

شیری رحمان نے کہا کہ صوبوں کو تقریباً 27 وزارتیں اور محکمے منتقل کئے گئے اور خیبر پختونخوا کے لوگوں کے دیرینہ مطالبے کے مطابق صوبائی شناخت دی گئی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ متفقہ طور پر 102 ترامیم اس کو ایک بے مثال پارلیمانی کامیابی بناتی ہیں، گزشتہ حکومت میں 18 ویں ترمیم کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی، 18ویں ترمیم کو واپس اور منسوخ کرنے کے مطالبے کئے گئے۔

شیری رحمان نے کہا کہ کسی کو نہیں بھولنا چاہئے کہ 73 کا متفقہ آئین اور 18 ویں متفقہ ترمیم ہی ملک کی سلامتی کے ضامن ہیں۔