ہمیں الیکشن پر نہیں ٹائمنگ پر اعتراض ہے، آصف زرداری

Published On 14 April,2023 08:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں الیکشن پر نہیں بلکہ الیکشن کی ٹائمنگ پر اعتراض ہے۔

نجی نیوز چینل سے گفتگو میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ ہم الیکشن سے ڈرتے ہیں، ایک ہی دن میں پاکستان میں الیکشن ہونے چاہئیں، کسی کی مقبولیت کا بھی سوال نہیں ہے، الیکشن سے کوئی جماعت نہیں ڈر رہی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے مذاکرات کیلئے ٹیم بنا دی ہے، مذاکراتی کمیٹی پہلے اتحادیوں سےبات کرے گی، سیاست میں ڈائیلاگ کے راستے بند نہیں کیے جاتے، اس وقت حالات صحیح نہیں ہیں، آئی ایم ایف معاہدہ ہونا ہے، اکتوبر سے آگے الیکشن ہوئے تو چھوٹی سوچ ہوگی۔

جیل میں زمین پر سونے سے متعلق سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ میں نے چودہ سال جمہوریت کیلئے جیل کاٹی، عمران خان اور میرے ڈومیسائل میں فرق ہے، میرا ڈومیسائل کمزور ہے، لڑائی پنجاب کی ہے لیکن پورے پاکستان کو متاثر کر رہی ہے۔

عمران خان کی مقبولیت سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ عمران خان مقبول نہیں، بیچارے بچے ہیں جن کو تنخواہ دیتا ہے، غربت میں اضافہ بھی ان کو ایڈوانٹیج ہے۔ 

Advertisement