بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے، چودھری شجاعت کا حکومت کو مشورہ

Published On 02 June,2023 10:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نےچودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات میں چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ چودھری سرور، وفاقی وزیر و سینئر نائب صدر چودھری سالک حسین اور جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مہنگائی کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے، تمام سیاسی پارٹیاں ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست بعد میں بھی ہوتی رہے گی، پہلے عوام کی بہبود کا سوچنا ہو گا، سیاسی رنجش کو ذاتی رنجش نہ بنائیں، ملک کا سوچیں، پاکستان ہے تو سب ہیں۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ بجٹ غریب کیلئے ٹیکس فری ہونا چاہئے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں بھی اضافہ کیا جائے۔

Advertisement