باغ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی، بنکر میں چھپ کر بیٹھنے والے کو عوام نشان عبرت بنا دیں گے۔
باغ آزاد کشمیر میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خالص کشمیری ہیں کوئی سیاسی نعرہ نہیں، آج ہم کشمیر کی وادی میں کھڑے ہیں، کشمیر کے ہر گھر میں شہدا موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
مریم نواز نے کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے شہدا کو سب کا سلام، وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام، شہدا کی یادگاروں کو جلانے والوں کا احترام نہیں کریں گے، شہدا کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہو سکتا، شہدا کے مجسموں کو توڑنے والا پاکستانی نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی کتنا بھی غصے میں ہو کوئی پاکستانی ملک کو آگ لگانے کی جرأت نہیں کر سکتا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا پورا آزاد کشمیر شرمندہ ہے، شہدا کے ساتھ ایسا سلوک کرنے والے کو قوم معاف نہیں کرے گی، وہ چھپ کر بنکرمیں بیٹھا ہے، عوام اسے نشان عبرت بنا دیں گے۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ یہ شخص ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا بھی کر کے آیا تھا، قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی کا انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے بیان گمراہ کن ہے: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ جب موٹر وے پر سفرکرتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے؟ آزاد کشمیرمیں ہسپتال، سکول، یونیورسٹیز دیکھتے ہو تو کس کا نام یاد آتا ہے، 75 برسوں میں نوازشریف کے 9 سال نکال دو تو کچھ نظرنہیں آتا، گھیراؤ جلاؤ، فتنہ بازی کی سیاست سے کون یاد آتا ہے، جب کسی کے پاس کارکردگی نہ ہو ایسی حرکتیں کی جاتی ہیں، جس کو مسلط کیا گیا آج وہ جماعت کہاں گئی؟ جہاں سے جماعت آئی وہیں واپس چلی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر کا سابق وزیراعظم اس کیخلاف گواہی دے رہا ہے، نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والی جماعت کرچی کرچی ہو گئی، نوازشریف کے کئی دشمن آئے اور گئے، مشرف دور سے یہی کچھ دیکھ رہےہیں، اللہ تعالیٰ نواز شریف کو بار بار لے کر آتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے سینے پر مشکلات برداشت کیں، نوازشریف نے کبھی پاکستان پرآنچ نہیں آنے دی، انہوں نے کہا کہ جو کہتا تھا اکیلا ہی کافی ہوں آج اکیلا ہی رو رہا ہے، آج کل صبح و شام، رات کو روتا ہے، جس کو رلانا تھا وہ مسلم لیگ (ن) آج ڈٹ کر کھڑی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کشمیر کا بیٹا ہے، آج تک کسی نے مسلم لیگ کے وزیراعظم آزاد کشمیر پر بدعنوانی کا الزام نہیں لگایا، اس نے اپنے خرچ کا ذمہ ان حکومتوں کے ذمے کیا ہوا تھا، ترقی، اچھی سڑکیں، اچھےکالج، یونیورسٹیز باغ والوں کا حق ہے، مشتاق منہاس کو ووٹ دیں باغ میں دل کے ہسپتال کو مکمل کرائیں گے، جس جماعت نے ترقیاتی کام کرائے اسے ووٹ دینا۔
— PMLN (@pmln_org) June 5, 2023
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ میں 2021ء والا جلسہ نہیں بھولی، آج آپ نے اور کمال کر دیا، الیکشن کے دن جذبے کے ساتھ شیر پر مہر لگانا، مسلم لیگ کو مٹانے، نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والے کئی آئے اور چلے گئے، نواز شریف آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہر طرف نواز شریف کا نام ہی گونجے گا، نواز شریف کی واپسی پر 2017ء سے ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو گا، انہوں نے عوام سے کہا کہ 8 تاریخ کو شیر پر مہر لگانی ہے۔