لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس وحید خان نے پرویز الہٰی کے بیٹے راسخ الٰہی کی سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو جیل میں سہولیات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے آصف چیمہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پرویز الہٰی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور سینئر سیاستدان ہیں، پولیس نے پرویز الہٰی کو جھوٹے کیس میں گرفتار کر کے جیل منتقل کیا، جیل میں پرویز الہٰی کو ان کے اسٹیٹس کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ پرویز الہٰی کو پرہیزی کھانا، ادویات و دیگر فراہم نہیں کرنے دی جا رہیں، عدالت جیل میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو سہولیات فراہم کرنے کا حکم جاری کرے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل کو سابق وزیراعلیٰ کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔