لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا دوسری طرف طوفانی بارش کے باعث لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے کی وجہ سے متعدد علاقوں کی بجلی بند ہو گئی۔
لاہور کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 55، قرطبہ چوک میں 23، تاجپورہ میں 22، اپرمال اور مغلپورہ میں 21، جیل روڈ پر 18، گلبرگ میں 15، پانی والا تالاب میں 11، ایئر پورٹ پر 10، چوک ناخدا اور فرخ آباد میں 6، اقبال ٹاؤن میں 5 اور گلشن راوی میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ریلوے سٹیشن، کینال روڈ اور دھرم پورہ میں بھی تیز بارش ہوئی، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، گڑھی شاہو اور ملحقہ علاقوں میں ژالہ باری کی بھی اطلاعات ملیں، مریدکے اور گرد و نواح میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا، لیسکو کے 150 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، قلعہ گجر سنگھ، گڑھی شاہو، مصطفی آباد، باغبانپورہ، سمن آباد، شاہدرہ، راوی روڈ، بیڈن روڈ، سبزہ زار، شاد باغ، علی پارک، نیو شاد باغ، پرانا کاہنہ، وارث روڈ، لنڈا بازار، گجر پورہ سمیت متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان لیسکو نے کہا ہے کہ فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، موسم کی خرابی کے پیش نظر انتظامیہ کی شہریوں سے تعاون کی اپیل ہے، شہری بجلی تنصیبات سے دور رہیں، بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کر کے عملے کے آنے کا انتظار کریں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس سے رابطہ کریں۔