اسلام آباد: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لیڈر جیل کی گرمی برداشت نہیں کر سکے لیکن ورکر قائم ہے اور گھبرایا بھی نہیں، پارٹیاں ورکروں سے چلتی ہیں لیڈروں سے نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ملک سیاسی، معاشی اور اقتصادی بحران میں داخل ہو گیا ہے، ترسیلات کم ،ایکسپورٹ کم، انڈسٹری بند، گروتھ منفی اور ڈالر نایاب ہوچکا، یہ ہیں زمینی حقائق۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 7, 2023
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سپریم کورٹ کے اختیارات میں مداخلت اور ججوں کی تضحیک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کر رہی ہے، تمام مسائل کا حل الیکشن میں ہے، بے گناہوں سے جیلیں بھرنے میں نہیں، اگر الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو حالات مزید سنگین اور گھمبیر ہوجائیں گے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) June 7, 2023
شیخ رشید نے کہا کہ حکومت ریاست کو نہیں اپنی تباہ حال سیاست کو بچانا چاہتی ہے، روزانہ 41 ارب روپے کا قرضہ غریب کے گلے پڑ رہا ہے، آئین عمل کیلئے ہوتا ہے کیبنٹ میں رکھنے کیلئے نہیں، آئین کو موم کی ناک بنا دیا گیا۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ قانون ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہے، وزراء کے بیانات الیکشن ہونے نہ ہونے کے شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہیں، 13 اگست اسمبلی توڑنے کی ریڈ لائن ہے ورنہ بحران سنگین ہوجائے گا، ترکیہ نے زلزلے ، معاشی تباہی کے باوجود الیکشن کروایا جس سے اس کے حالات ٹھیک ہوگئے۔