لاہور: (دنیا نیوز) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال پر لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت اور سیکرٹری صحت سے جواب طلب کر لیا۔
ڈاکٹروں کی غیر قانونی ہڑتال کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی وکلاء آمنہ اور سلمیٰ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں سستا علاج کرانا شہریوں کا آئینی حق ہے تاہم ڈاکٹرز نے ہسپتالوں میں غیر قانونی طور پر ہڑتال کر رکھی ہے۔
جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی وکلاء نے استدعا کی کہ عدالت ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی رجسٹریشن معطل کرنے کا حکم دے اور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج کے لئے احکامات جاری کرے۔
لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت، سیکرٹری صحت اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کو کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف ہسپتالوں کی اوپی ڈیز کی بندش کو ایک ہفتہ ہو گیا مگر ڈاکٹرز ٹھوس اقدامات تک احتجاج جاری رکھنے پر بضد ہیں۔
صوبے بھر میں او پی ڈیز کی بندش اور بار بار ہڑتالوں سے تنگ آکر مریضوں نے حکومت سے معاملہ سلجھانے کا مطالبہ کیا ہے۔