اسلام آباد: (دنیانیوز) وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کی تمام شرائط پوری کردیں، پرامید ہیں کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پاجائیں گے اور اسی ماہ اچھی خبریں ملیں گی ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ ترک صدر رجب طیب اردگان کو حالیہ انتخابات میں زبردست کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، ترکیہ کے عوام نے اپنی رائے کا اظہار کیا اور انہیں مزید 5 برس کے لیے مینڈیٹ دیا، پاکستان کے عوام بھی بہت خوش ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں نے انتہائی مشکل حالات میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا جب پاکستان دیوالیہ کے دہانے پر تھا کیونکہ اس وقت کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی، معیشت ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور پھر سیلاب اور بارشوں سے بنیادی ڈھانچے اور بڑے پیمانے پر فصلوں کونقصان ہوا، گزشتہ سال سیلاب سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ،ترکیہ نے بھرپور معاونت کی۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی حالات کی وجہ سے تیزی سے بڑھتی مہنگائی بھی درپیش تھی، اللہ کا کرم ہے کہ ہم نے اس تمام صورتحال کا مقابلہ کیا اور بہترین انداز میں اس سے نمٹنے میں کامیاب رہے۔
یہ بھی پڑھیں :تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ خطے کی خوشحالی کا آغاز کرے گا: شہباز شریف
وزیراعظم نے آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تقاضے اور شرائط احسن انداز میں پوری کیں، ملک کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ، بلا خوف و تردد کہہ سکتا ہوں کہ بےپناہ چیلنجز کے باوجود ہم نے ان میں کامیابی حاصل کی۔
ہم اب بھی پُرامید ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارا معاہدہ حیقیقت کا روپ دھارے گا، نویں جائزے کے لیے ہم نے تمام شرائط پوری کردی ہیں، مجھے امید ہے کہ ہمیں اسی مہینے اچھی خبریں ملیں گی۔
سابق وزیراعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے سیاسی انتقام کے باوجود کسی نے سرکاری اداروں پر حملہ نہیں کیا، گزشتہ حکومت نے 4سال میں پوری اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں، خواتین اور کسانوں کیلئے انقلابی پروگرام بجٹ میں شامل کرنے کی منظوری
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، 9مئی کو شرپسند جتھوں نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا، ریاست کے خلاف سنگین اقدامات کی منصوبہ بندی کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں ، قومی تنصیبات اور یادگاروں کو جس طرح پامال کیا، کسی صورت برداشت نہیں ، شرپسند عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔