حافظ نعیم الرحمٰن کے میئر کراچی کیلئے کاغذاتِ نامزدگی منظور

Published On 11 June,2023 12:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی میئر شپ کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمٰن کے کاغذاتِ نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کر لئے گئے۔

جماعت اسلامی کے میئر کے دیگر امیدواروں سیف الدین اور جنید مکاتی کے بھی کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوگئے جبکہ ڈپٹی میئر کے امیدوار قاضی سید صدرالدین اور سیف الدین کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے ہیں۔

15 جون کو میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے گزشتہ روز ریجنل الیکشن کمیشن میں میئر کراچی کیلئے نامزدگی فارم جمع کرائے تھے۔

کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے: حافظ نعیم
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، یہاں جمہوریت کو پامال کیا جا رہا ہے، ہمیں مینڈیٹ پر قبضہ قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آج ہمارے مارچ میں اہل کراچی شامل ہوں گے، جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی اے ٹیم کا کردار ادا کرتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ہر کسی کومعلوم ہے دھاندلی ہو رہی ہے، الیکشن کمیشن ہی صرف نہیں جانتا کہ دھاندلی کہاں ہو رہی ہے، اگر یہ صورتحال رہی تو ہم انہیں دنیا کے سامنے ایکسپوز کریں گے، نشستوں کےاعتبارسے جماعت اسلامی کی نشستیں زیادہ تھی، آر اوزکے ذریعے ہماری اکثریت ختم کی جس کے ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ صرف چھ یوسیزکے کیسز ہم کل سپریم کورٹ لیکر جا رہے ہیں، پیپلزپارٹی کے گیارہ نمبر کم ہوں گے ہمارے چالیس سے بڑھیں گے۔