عبدالرزاق شر قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس

Published On 12 June,2023 10:38 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) ایڈووکیٹ عبدالرزاق شر کے قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس سی ٹی ڈی آفس کوئٹہ میں ہوا۔

جے آئی ٹی اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کی، جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے نمائندوں کے علاوہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ایس پی آپریشنز، کیس کا انویسٹی گیشن آفیسر (آئی او) اور لیگل برانچ پولیس کے نمائندے بھی شامل تھے۔

اجلاس کے دوران ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے مجرموں کا تعین کرنے کیلئے جائے وقوعہ کے آس پاس کے ڈی وی آرز کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا حکم دیا، اس کے علاوہ گولیوں کے خول اور جائے وقوعہ سے شواہد پنجاب فرانزک لیب کو بھیجنے کی سفارش کی گئی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق متوفی وکیل کے زیر استعمال تمام سیل نمبروں کے کال ڈیٹا ریکارڈ کا تجزیہ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے، سی ٹی ڈی کی ٹیکنیکل ٹیم کو بھی کیس کی تفتیش میں سہولت فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔

جے آئی ٹی کا اگلا اجلاس 14 جون 2023 کو دوبارہ ہو گا، اجلاس میں متوفی ایڈووکیٹ کے بیٹے اور مقتول ایڈووکیٹ کے ڈرائیور کے پیش ہونے کا امکان ہے۔