لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف 14 سے 15 جون 2023 تک آذربائیجان کا سرکاری دورہ کریں گے، وزیر اعظم صدر الہام علیوف کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورہ کے دوران آذربائیجان کے ساتھ تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نمائندگی کرنے والے وزراء وزیر اعظم کے وفد کا حصہ ہوں گے، وزیر اعظم صدر الہام علیوف سے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر بات چیت کریں گے۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنما کثیرالجہتی فورمز میں باہمی تعاون کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات عقیدے، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات سے جڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد اور علاقائی اور عالمی معاملات پر نظریات کے تبادلے سے مضبوط ہوتے ہیں، قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو اجاگر کرتے ہیں۔