اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سمندری طوفان سے 8 ٹاورز متاثرہوئے ، این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں متحرک ہیں اور بحالی کا کام تین دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے 132کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے 8 منہدم ٹاورز پر جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا ۔
مذکورہ ٹرانسمیشن لائن حیدرآباد کے قریب جھمپیر ونڈ کلسٹر میں انڈس، لبرٹی-1 اور لبرٹی-2 ونڈ پاور پلانٹس سے جھمپیرIIگرڈ سٹیشن تک بجلی کی ترسیل کیلئے بنائی گئی ہے اوراسکے8ٹاورز14جون کوشدیدآندھی کے باعث گرگئے تھے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرتوانائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سمندری طوفان کے اثرات سے متاثر ہونے والے ٹاورز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے جوتین دن میں مکمل کر لیا جائے گا ، این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں بحالی کیلئے انتہائی مستعدی سے کام کر رہی ہیں۔
انجینئر خرم دستگیر خان نے کہاکہ ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ونڈ پاور کلسٹر سے60میگاواٹ بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی جبکہ 134میگاواٹ بجلی کی سپلائی جاری ہے، جھمپیرگرڈ سٹیشن معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیر معمولی صورتحال پیش نہ آئی تو اگلے72گھنٹے میں ٹرانسمیشن لائن کو بحال کردیاجائے گا۔
قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی، انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے وفاقی وزیر کو ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے کاموں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ این ٹی ڈی سی نے مذکورہ تین ونڈ پاور پلانٹس کو دوبارہ جھمپیر گرڈ سٹیشن سے منسلک کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحالی کے کاموں کیلئے این ٹی ڈی سی کے ویئرہاوس سے سامان کا بندوبست کیا گیا، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے وفاقی وزیر کو ٹرانسمیشن لائن بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔