ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے خلا باز سلطان النیادی نے خلا سے سمندری طوفان ’بپر جوائے‘ کی ویڈیو جاری کر دی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بحیرہ عرب کے اوپر بادل سمندری طوفان کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے خلاباز اس وقت بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں ناسا کے 6 ماہ کے طویل مشن پر موجود ہیں۔
نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بِپر جوائے اب شمال مشرق میں بھارت اور پاکستان کے ساحلی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اسی دوران خلاباز سلطان النیادی نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے سمندری طوفان بپر جوائے کی ویڈیو شیئر کر دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ انہوں نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا ہے۔
فوٹیج میں متحدہ عرب امارات کے اوپر صاف آسمان اور عمان پر بکھرے بادلوں کو دکھایا گیا ہے جس کے بعد بحیرہ عرب پر گہرے بادلوں کو دیکھا گیا تو طوفان کی شکل اختیار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سلطان النیادی زمین سے تقریباً 400 کلو میٹر کی بلندی پر موجود ہیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سلطان النیادی کا کہنا تھا کہ ’آپ بادل دیکھ سکتے ہیں، یہ سمندری طوفان ہے، میں زوم کر کے آپ کو دکھاتا ہوں، اب آپ دیکھ سکتے ہیں یہ واقعی سمندری طوفان ہے‘
انہوں نے کہا کہ ’میں یہ تو نہیں دیکھ سکتا کہ اس طوفان کا مرکز کہاں ہے لیکن یہ بحیرہ عرب کے اوپر موجود ہے جو بحر ہند کو لگتا ہے، یہ بہت بڑا سمندری طوفان ہے، بادل ایسے دکھائی دے رہے ہیں جیسے پہاڑ ہوں۔‘
سلطان النیادی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن نے انہیں متعدد قدرتی عوامل کا منفرد نظارہ کرنے کا موقع فراہم کیا، ان مشاہدات سے زمین پر موجود ماہرینِ موسمیات کو مدد مل سکے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس طرح کی فوٹیج ماہرین کو طوفان کے رویے کے بارے میں بہتر معلومات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے، جس کے نتیجے میں وہ ممکنہ اثرات کی پیش گوئی کرتے ہیں۔
سلطان النیادی نے اپنی ویڈیو کے اختتام میں تمام لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔