گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے گھمن والا میں کارروائی کرتے ہوئے 2 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار انسانی سمگلرز میں محسن اور شرافت شامل ہیں، ملزموں نے عمیر یحیٰی کو اٹلی بھیجنے کیلئے 25 لاکھ روپے لیے تھے، عمیر بھی لیبیا سے یونان جانے والی کشتی میں سوار تھا، ایف آئی اے نے اب تک 8 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا ہے۔
قبل ازیں پنجاب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم و انسانی سمگلر کو وہاڑی سے گرفتار کیا، ممتاز آرائیں سے واقعہ کے دوسرے ملزم اسلم کا موبائل بھی برآمد کر لیا گیا، ملزم سے دستاویزات، موبائل ڈیٹا سمیت اہم شواہد بھی برآمد کر لئے گئے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، پنجاب پولیس، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو ملزمان کی گرفتاری و تفتیش میں بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے، اندوہناک سانحہ میں ملوث سفاک ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب یونان کشتی حادثے میں لاپتہ ہونے والا قبولہ کے گاؤں 32 ای بی کا رہائشی 40 سالہ ندیم ایجنٹ کو بھاری رقم دے کر گیا، ندیم کے والدین کا کہنا ہے کہ ہمارا بیٹا بھی کشتی میں سوار تھا، ابھی تک اسکا کوئی اتا پتا نہیں لگا، حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے۔