مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحٰہ محمود نے مکہ مکرمہ میں پاکستانی حج مشن کا دورہ کیا
محمد طلحٰہ محمود نے اپنے دورے کے دوران حجاج کی سہولت اور خدمات کیلئے قائم مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور عازمین حج سے ملاقاتیں بھی کیں، وفاقی وزیر کو ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے حج انتظامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا ہے کہ 63 فیصد پاکستانی حجاج کو مشائر ٹرین، 37 فیصد کو بس کی سہولت ملے گی، منی و عرفات میں مخصوص مقامات پر سبز سکارف اور پاکستانی پرچم تھامے معاونین حجاج کی رہنمائی کریں گے۔
سینیٹر محمد طلحہ محمود نے مزید کہا ہے کہ وزارت کے اہلکار اور معاونین خود کو حجاج کی خدمت کیلئے وقف کر دیں، پرائیویٹ حجاج کی مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنایا جائے، ایام حج کیلئے سعودی مکاتب کے ساتھ بہترین کوآرڈی نیشن یقینی بنائیں۔