ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینی شہدا کے لواحقین، زخمیوں اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کو شاہی مہمان کے طور پر حج کروانے کا حکم جاری کیا ہے ۔
سعودی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز ایک بیان میں کہا گیا کہ شاہ سلمان کی خصوصی ہدایت پر اس بار ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کا سرکاری سطح پر انتظام کیا جا رہا ہے، فلسطینی قوم سعودی مملکت، عوام اور حکومت کی طرف سے ہر طرح کی خدمت کی مستحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ’ضیوف خادم الحرمین الشریفین‘ پروگرام کا حصہ ہے جس کی نگرانی ہر سال مملکت میں وزارت اسلامی امور کرتی ہے۔
ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے نگران اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے فلسطینی شہدا کے لواحقین کو شاہی مہمان کے طور پر حج کرانے کے احکامات پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
الشیخ صالح آل الشیخ کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان کی جانب سے ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کی میزبانی کا حکم اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین کے دل میں مظلوم فلسطینی قوم کا کس قدر احترام اور محبت ہے۔
دوسری جانب عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل بن عبدالرحمٰن العسومی نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے اس اعلان کو سراہا ہے، انہوں نے فلسطینیوں کے حج کی میزبانی کے اعلان کو سعودی عرب کی طرف سے قضیہ فلسطین کی منصفانہ حمایت اور فلسطینی قوم کےساتھ یکجہتی کی عمدہ مثال قرار دیا۔
واضح رہےکہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی میزبانی میں حج پروگرام ہر سال جاری کیا جاتا ہے جس میں دنیا بھر سے متعدد افراد شاہی مہمان کے طور پر فریضہ حج ادا کرتے ہیں۔