اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئےہیں۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی تعداد 30 ہزارتک پہنچ گئی ، مدینہ منورہ میں 16 ہزار عازمین موجود ہیں، پاکستان سے مدینہ منورہ کیلئے پروازوں کا سلسلہ ختم ہو گیاہے اور 21 جون تک تمام سرکاری حج پروازیں جدہ اتریں گی۔
حج سے قبل 42 ہزار سے زائد عازمینِ کرام کو مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کروائی جائے گی۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کی آمد شروع ہو گئی ہے ، 3 ہزار سے زائد عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے ۔35 حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی ، نجی حج سکیم کی 2 شکایات کا ازالہ کیا گیا، شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنےوالے 18 عازمین حج کو ان کی رہائش تک پہنچایا گیا۔
حج میڈیکل مشن کے تحت مکہ اور مدینہ میں دو ہسپتال اور 12 ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے ، مکہ اور مدینہ منورہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔