روڈ ٹو مکہ کے تحت اسلام آباد سے پہلی حج پرواز روانہ ہوگئی

Published On 22 May,2023 09:15 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے بھی عازمین حج کی پہلی پرواز مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگئی۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی سہولت کے تحت پہلی پرواز سے 387 عازمین مدینہ روانہ ہوئے، وزیر مذہبی امور طلحہ محمود اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے عازمین حج کو رخصت کیا۔

ایئرپورٹ پر عازمین حج کی پہلی پرواز کی روانگی کی تقریب ہوئی، تقریب میں وزیر مذہبی امور، وزیر نارکوٹکس کنٹرول، سعودی سفیر، ایڈیشنل سیکرٹری ایم او آر اے، ڈی جی اے این ایف اور دیگر اعلیٰ اہلکار شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب میں وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے کہا کہ عازمین حجاز مقدس پر پاکستان کے سفیر ہیں، کسی کو شکایت ہو تو موبائل پر براہ راست مجھے مطلع کرے۔

دوسری جانب عازمین حج کا کہنا تھا کہ وہ خوش نصیب ہیں اور خانہ خدا میں پاکستا ن کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعاگو رہیں گے۔

ترجمان قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی 3 حج پروازیں کراچی، فیصل آباد اور اسلام آباد سے روانہ ہوئیں ہیں، پی آئی اے کا حج آپریشن 2 جون تک جاری رہے گا۔

حج آپریشن 340 پروازوں پر مشتمل ہوگا جس کے ذریعے سے سرکاری اور پرائیوٹ سکیم والے 65000 حجاج کرام لے جائے جائیں گے۔

 

Advertisement