جہانگیر ترین کے طبی ٹیسٹ: متعدد رپورٹس تسلی بخش قرار

Published On 23 June,2023 10:16 pm

لندن: (دنیا نیوز) سرپرست اعلیٰ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) جہانگیر خان ترین کے لندن میں ہونے والے متعدد طبی ٹیسٹ کی رپورٹس موصول ہوگئیں جن پر ڈاکٹرز نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر خان ترین کے اگلے چند روز میں کچھ مزید ٹیسٹ ہوں گے، جہانگیر خان ترین سالانہ طبی معائنے کے بعد عید سے اگلے روز پاکستان آئیں گے۔

دوسری جانب پارٹی کے مرکزی ترجمان عون چودھری کی بھی لندن میں جہانگیر ترین سے ملاقات ہوئی، عون چودھری نے جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی۔

ملاقات کے بعد عون چودھری کا کہنا تھا کہ جہانگیر خان ترین کی ٹیسٹ رپورٹس اچھی آئی ہیں، جلد طبی معائنے کے بعد وہ پاکستان پہنچیں گے۔