بدلتی دنیا میں ٹیکنالوجی کو اپنانا بہت ضروری ہے: گورنر سندھ کامران ٹیسوری

Published On 24 June,2023 08:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں ٹیکنالوجی کو اپنانا اور ڈیجیٹل انقلاب کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنا بہت ضروری ہے۔

پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام فیوچر آف ورک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ PAFLA کی شاندار کاوشیں خراج تحسین کی مستحق ہیں، ڈیجیٹل دور میں فری لانسرز اور کاروباری افراد کو بااختیار بنانا قابل تعریف ہے۔

کامران خان ٹیسوی نے کہا ڈیجیٹل دور میں تخلیقی صلاحیتیں ہی ہمیں کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہیں، PAFLA نے نوجوانوں، ماہرین اور کاروباری افراد کو ساتھ جوڑنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، نوجوانوں کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازے کھولنے سے اکیڈمیہ اور صنعتوں کے درمیان خلیج کو کم کرنے کا موقع ملا ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا ہے کہ ایک ایسے ماحول کو فروغ دیا گیا ہے جہاں علم کی پرورش اور جدت طرازی پروان چڑھے، ہماری کامیابی سیکھنے اور تعاون کرنے کی صلاحیت میں مضمر ہے، عزم اور مشترکہ ویژن کے ذریعے ہم اپنے درپیش چیلنجز کو مواقعوں میں تبدیل کر سکتے ہیں۔