پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

Published On 01 July,2023 02:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے، پاکستان نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ سزا پوری کرنے والے پاکستانیوں کو رہا کیا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس وقت بھارت کی جیلوں میں 417 پاکستانی قیدی موجود ہیں، بھارتی حکام کو جو فہرست دی گئی ہے اس میں بھارتی جیلوں میں قید 343 شہری اور 74 ماہی گیر کا ذکر ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سزا پوری کرنے والے پاکستانیوں کو رہا کر کے وطن واپس بھیجے، اس کے علاوہ حکومت پاکستان نے آج 308 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھی بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی ہے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ 42 سویلین قیدی اور266 ماہی گیروں کی فہرست بھارتی حکام کے حوالے کی گئی جبکہ بھارتی حکومت کی جانب سے بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں، قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوتا ہے جس پر 21 مئی 2008 کو دستخط ہوئے تھے۔