لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ 8 ہزار بجلی کا بل ادا کرنے اور بیرون ملک سفر کرنے والا صحت کارڈ پر دل کا مفت علاج کرانے کا اہل نہیں ہو گا۔
لاہور میں نگران وزیر اطلاعات عامرمیر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کا غلط استعمال کیا جا رہا تھا، صحت کارڈ سے لوگوں نے اتنے اسٹنٹ ڈلوائے کہ ملک میں اسٹنٹ ہی ختم ہو گئے اور بلا ضرورت اسٹنٹ ڈالے گئے، ماضی میں صحت کارڈ کا بے پناہ غلط استعمال کیا گیا مگر اب ایسا نہیں ہو گا، اس کیلئے ڈیڑھ ارب روپے سے فنڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا ہے کہ اب 8 ہزار بجلی کا بل ادا کرنے اور بیرون ملک سفر کرنے والا صحت کارڈ پر دل کا مفت علاج کرانے کا اہل نہیں ہو گا اور صرف سرکاری ہسپتالوں میں دل کا علاج مفت کیا جائے گا، جبکہ نجی ہسپتال میں علاج پر 30 فیصد ادائیگی کرنا ہو گی، نگران حکومت نے فیصلہ کیا ہے صحت کارڈ پر صرف پاکستان کا جھنڈا ہوگا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ ہیلتھ کاڑد اچھا اقدام ہے اسے ختم نہیں کریں گے، خبریں سامنے آئیں کہ حکومت نے صحت کارڈ پر دل کا علاج بند کر دیا ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے، گزشتہ دور حکومت میں صحت کارڈ کے نام پر مافیا بن گیا تھا۔
عامر میر نے کہا کہ صحت کارڈ کی وجہ سے لوگ ارب پتی ہو گئے، صحت سہولت کارڈ کا اجرا 2015 میں نواز شریف کے دور میں غربیوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا تھا، اس سہولت کو بند نہیں کریں گے، دل کے آپریشن کی سہولت کو دوبارہ سے ٹارگٹڈ کر دیا گیا ہے۔