مری میں ٹریفک کی بہتر روانی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں: نگران وزیر اعلیٰ

Published On 01 July,2023 10:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے مری میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ کمشنر اور آر پی او راولپنڈی مری جانے والے راستوں پر ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں، شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں، ٹریفک کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی دی جائے، سینئر پولیس افسران ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں، مقرر کردہ تعداد سے زائد گاڑیوں کی مری میں داخلے پر پابندی پر عملدرآمد کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حج ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، گنگارام ہسپتال کا دورہ

قبل ازیں بہتر انتظامات نہ ہونے پر مری آنے والے سیاحوں کی گاڑیوں کو سترہ میل ٹول پلازہ پر روک دیا گیا تھا جس کی وجہ سے شہریوں کا احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتظامیہ اپنی نااہلی چھپانے کیلئے سیاحوں کو راستے سے واپس کر رہی ہے، راستے میں روکنا کسی صورت قابل قبول نہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم شہباز شریف فوری نوٹس لیں۔