پنجاب : مختلف ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق ، پانچ زخمی

Published On 30 June,2023 02:20 pm

لاہور : (دنیانیوز) پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ۔

پنجاب کے ضلع بہاولپور میں چک 82 موڑ کے قریب بے قابو کار موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے ہیں ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کار کے ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا، جاں بحق اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حاصل پور منتقل کردیا گیا ۔

ایک اور ٹریفک حادثہ اوکاڑہ بائی پاس پر پیش آیا جہاں تیز رفتار کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا . 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور نعش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

روجھان انڈس ہائی وے بانسہ ہوٹل کے قریب تیز رفتار کارنے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی ، حادثے میں موٹر سائیکل سوار 2 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک زخمی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔

ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد کے بعد تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ۔