لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں چشمہ بیراج کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کے پیش نظر ریلیف کمشنر پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے کل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، گوجرانوالہ، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، قصور، سیالکوٹ، گجرات اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بارش کے باعث چشمہ کے مقام پر دریا سے منسلک نہروں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پانی کی سطح بلند ہونے سے نہروں سے منسلک علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، آندھی/جھکڑ / گرج چمک اور بارشوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، نشیبی علاقوں میں بسنے والے عوام الناس محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، فلڈ فائٹنگ، ریسکیو اینڈ ریلیف ٹیمیں ضروری مشینری کے ساتھ 24 گھنٹے الرٹ رہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں سے مویشیوں کا انخلا اور ویکسینیشن کا بندوبست پہلے سے ہونا چاہیے، ہنگامی حالات میں زیر آب آنے والے علاقے کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کیے جائیں، وبائی امراض سے بچنے کیلئے طبی ٹیمیں متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کیلئے تیاریاں مکمل رکھیں۔