اسلام آباد: ( فوزیہ علی ) محکمہ موسمیات نے پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے گرمی کی لہر میں کمی کی خوشخبری سنا دی، 25 جون سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، 25 جون سے 30 جون کے دوران اسلام آباد، مری، راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، چکوال، جہلم، سیالکوٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گرمی کی شدت بڑھنے پر محکمہ صحت نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کر دی
گلگت بلتستان، چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، 25 جون سے 30 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اس دوران چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 26 جون سے 29 جون کے دوران بارکھان، سبی، نصیرآباد، ژوب، زیارت میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، وزیرستان سمیت جنوبی پنجاب میں آندھی اور بارش متوقع ہے۔
27 اور 28 جون کو سکھر اور جیکب آباد میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، بارش کے باعث گرمی کی موجودہ لہر میں کمی کا امکانہے، موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گرمی بڑھتے ہی طویل لوڈشیڈنگ، دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث مری، گلیات، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، موسلادھار بارشوں کے باعث ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
تیز ہواؤں آندھی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کچے مکانات اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی موجود ہے۔