گرمی بڑھتے ہی طویل لوڈشیڈنگ، دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا

Published On 22 June,2023 01:31 pm

اسلام آباد، لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں گرمی بڑھتے ہی طویل لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 160 میگا واٹ ہوگیا۔

ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 540 میگاواٹ ہے جبکہ ملک بھر میں بجلی کی طلب 26 ہزار 700 میگاواٹ ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار 8 ہزار میگاواٹ ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 570 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں،نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 300 میگاواٹ ہے۔

پاور ڈویژن ذرائع نے کہا کہ ونڈ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار 1200 میگاواٹ ہے، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 120 میگاواٹ ہے، بگاس سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3 ہزار 200 میگاواٹ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

لیسکو کا شارٹ فال

گرمی بڑھتے ہی لاہور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (لیسکو) کی بجلی کی طلب بھی 5400 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جس کے باعث بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

لیسکو کو 800 میگاواٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے، بجلی کی طلب 5400 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جبکہ این پی سی سی کی جانب سے 4600 میگاواٹ بجلی کی فراہمی جاری ہے۔

لیسکو نے شارٹ فال زیادہ ہونے کے باعث شہر میں 2 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا جبکہ شیڈول کے برعکس شہر کے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

لیسکو کارکردگی

دوسری جانب شدید گرمی نے لیسکو انتظامیہ کی کارکردگی کا پول بھی کھول دیا۔

بجلی کے ترسیلی سسٹم پر لوڈ بڑھتے ہی لیسکو کے اوور لوڈڈ ٹرانسفارمرز جواب دے گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے، لیسکو ٹیمیں ریکوری میں مصروف ہیں، صارفین خوار ہو کر رہ گئے۔

گزشتہ رات بھی سسٹم اوور لوڈ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ، ٹرانسفارمرز جلنے سے متعدد علاقے رات سے بجلی سے محروم ہیں۔

لاہور کےعلاقوں تاجپورہ، اسلامیہ پارک، مزنگ، امین پارک، بادامی باغ، داتا نگر اور شاد باغ سمیت متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہو چکے ہیں۔

مزنگ وارث روڈ، جوہر ٹاؤن ،ٹھوکر نیاز بیگ، سمن آباد، شاہدرہ، گڑھی شاہو ،مصطفیٰ آباد،عامر ٹاؤن، ہربنس پورہ اور مغل پورہ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔