اسلام آباد: (دنیا نیوز) گرمی بڑھتے ہی ملک میں بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا، ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ شروع ہوگئی۔
نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں اس وقت بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 348 میگاواٹ ہے، مجموعی طور پر 20 ہزار 552 میگاواٹ پیداوار کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے، پن بجلی ذرائع سے 4 ہزار 234 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس سے ایک ہزار 854 میگاواٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 11 ہزار 284 میگاواٹ ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق علاوہ ایٹمی پاور پلانٹ سے 2 ہزار 148 میگاواٹ جبکہ ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 48 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔