آئندہ ماہ بجلی کی طلب بڑھنے پر عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا

Published On 24 April,2023 11:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مہنگی بجلی، اوور بلنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ستائے عوام کو ایک اور جھٹکا، آئندہ ماہ بجلی کی طلب بڑھنے پر عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا ہو گا۔

ذرائع کے مطابق موسم ابھی شدید گرم نہیں ہوا جس کے باعث اپریل میں بجلی کی طلب 4 ہزار میگاواٹ سے زائد ہے، گزشتہ سال اپریل میں بجلی کی طلب 4 ہزار 700 میگاواٹ سے زائد تھی۔

پاور سیکٹر ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں گرمی کی شدت میں اضافے پر بجلی کی طلب مزید بڑھے گی، جون اور جولائی تک لیسکو کی طلب 6 ہزار میگاواٹ تک پہنچنے کا امکان ہے جس سے ایک بار پھر لوڈ شیڈنگ کا جن بے قابو ہو جائے گا۔

گزشتہ سال جون، جولائی میں لیسکو کو ایک ہزار میگا واٹ سے زائد شارٹ فال کا سامنا رہا جس کے باعث لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 7 گھنٹے تک پہنچ گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال گنجان آباد علاقوں کے ٹرانسفارمرز اپ گریڈ نہ ہونے سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں مشکلات کا بھی خدشہ ہے۔

Advertisement