آئی ایم ایف معاہدے سے پاکستانی معیشت پر چھائے نحوست کے سائے ٹل گئے: فردوس عاشق

Published On 01 July,2023 06:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پا جانا پاکستان کی جیت ہے اس معاہدہ سے پاکستانی معیشت پر منڈلانے والے نحوست کے سائے ٹل گئے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سری لنکا کی جانب سے پاکستان کے حق میں آواز اٹھانے پر سری لکن حکومت کے شکر گزار ہیں، تجارت کے بند دروازے کھلیں گے، یہ معاہدہ پاکستانی معیشت کیلئے آکسیجن کی مانند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معاشی عدم استحکام چیلنج، آئی پی پی عوام کو خوابوں کی تعبیر دیگی: فردوس عاشق

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ معاشی استحکام ہی استحکام پاکستان کی منزل ہے، آئی ایم ایف سے معاہدہ پاکستانی معیشت کیلئے وقت کی اہم ضرورت ہے، دوست ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ملکی سیاست کا پاور بنک ہے، استحکام پاکستان پارٹی مضبوط معیشت، تعمیر و ترقی کا عزم لے کر میدان میں اتری ہے، عید کے بعد استحکام پاکستان پارٹی نٸی سیاسی قوت بن کر سامنے آئے گی۔