لاہور سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش، نشیبی علاقے زیر آب، شہریوں کو مشکلات

Published On 03 July,2023 08:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ کئی فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقوں اسلام پورہ ، گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، نشتر کالونی، گلشن راوی، ہربنس پورہ سمیت شہر بھر میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی مفلوج ہو گیا، متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

گوجرانوالہ اور شرقپور میں تیز آندھی کیساتھ بارش کی وجہ سے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے، اسلام آباد، مری، دینہ، جہلم، آزاد کشمیر، وزیرآباد، ظفروال سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز بارش کے باعث گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی، طوفان کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، اداروں کو ہنگامی مشینری و عملے کی موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو ایمرجنسی میڈیکل عملہ کی موجودگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، سیاح و مسافر سفر سے قبل موسمی حالات سے با خبر رہیں۔