لاہور: (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے سرپرست اعلیٰ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ انتخابات کے میدان میں اتریں گے۔
جہانگیر خان ترین سے پارٹی سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عون چودھری نے ملاقات کی، ملاقات میں استحکام پاکستان پارٹی قیادت نے آئندہ لائحہ عمل بارے مشاورت کی۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل بارے بات چیت کی گئی، عامر کیانی اور عون چودھری نے مختلف سیاسی شخصیات سے رابطوں بارے جہانگیر ترین کو اعتماد میں لیا۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے سے متعلق درخواست پر سماعت ملتوی
اس موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا، پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن، ممبر سازی مہم اور دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
پارٹی کے سرپرست اعلیٰ جہانگیر ترین نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی بھرپور سیاسی قوت سے آئندہ انتخابات کے میدان میں اترے گی، استحکام پاکستان پارٹی عوام کی آواز بنے گی۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے منشور میں ملک میں درپیش چیلنجز کا حل تجویز کیا جائے گا، استحکام پاکستان پارٹی ملک میں تعمیری سیاست کرے گی۔