لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ اظفر علی ناصر نے کلمہ چوک انڈر پاس کا دورہ کیا اور بارشی پانی کے نکاس کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عامر میر نے کہا ہے کہ کلمہ چوک انڈر پاس سے نکاسی آب کا کام مکمل کر کے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، کلمہ چوک انڈر پاس پر بارشی پانی کے نکاس کیلئے واسا کے مزید 5 واٹر ڈسپوزل پمپس لگوا دئیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے بارش کے دوران نشیبی علاقوں کے دورے
انہوں نے کہا کہ کلمہ چوک انڈر پاس سے پانی کے نکاس کی ذمہ داری واسا نے پوری کی، بارشوں کے موجودہ سپیل کے دوران صوبائی وزراء بذات خود نکاسی آب کی سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے، 2018 کے بعد پہلی مرتبہ 8 گھنٹے میں 291 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
نگران صوبائی وزیر عامر میر نے مزید کہا ہے کہ اس سے قبل 2018 میں 18 گھنٹوں میں 280 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، بارش کے فوری بعد شہر کے مختلف علاقوں سے پانی نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا تھا، شہر کے مختلف علاقوں سے پانی نکال دیا گیا ہے۔