پنجاب کے تمام اضلاع میں موٹرسائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار

Published On 06 July,2023 06:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی منظوری کے بعد پنجاب کے تمام اضلاع میں موٹرسائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔

صوبائی حکومت کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کیلئے اب کوئی نرمی نہیں، ہیلمٹ پہننے کی پابندی پر عملدرآمد کرانے کے لئے متعلقہ انتظامیہ اپنے اپنے ضلع میں نوٹیفکیشن جاری کر رہی ہے۔

لاہور اور راولپنڈی میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کی پٹرول ری فیولنگ پر پابندی اور پمپس پر حکم نامہ آویزاں کر دیا گیا ہے، نو ہیلمٹ، نو پٹرول کی زیروٹالرنس پالیسی اپنا لی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر کے اس سلسلہ میں خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے کہا ہے کہ کسی معمولی حادثے میں بھی سر کی چوٹ جان لیوا ہو سکتی ہے، جان پیاری ہے تو قانون کی پاسداری کرنا ہو گی۔