لاہور: (دنیانیوز) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے رواں برس کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی نے لاہور سمیت مختلف اضلاع میں 901 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جس میں دہشت گردی، ملک و سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث 177ملزمان گرفتار اور 142 ایف آئی آرز درج کی گئیں ۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں ریڈ بک میں شامل کالعدم تنظیموں کے 03 انتہائی مطلوب دہشت گرد بھی شامل ہیں ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں خود کش جیکٹس، راکٹس، ہینڈ گرنیڈز، ڈیٹونیٹرز، آئی ای ڈیز، دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
علاوہ ازیں دہشتگردوں سے پسٹلز، بال بیرنگ باکس، گولیاں ، سیفٹی فیوز، پرائما کارڈز ، لیپ ٹاپس، موبائل، اور کالعدم کتابیں ، میگزین، پمفلٹس سمیت دیگر متنازعہ مواد بھی برآمد کیا گیا ۔
ترجمان پنجاب پولیس کاکہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردانہ 133 منصوبوں کو خاک میں ملا کر مجرموں کو گرفتار کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کاکہنا ہے کہ سی ٹی ڈی دہشت گردی، شدت و شر پسندی سمیت دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے قلع قمع کیلئے مصروف عمل ہے، سی ٹی ڈی نے بروقت کاروائیوں سے دہشت گردی کی کارروائیوں، پلاننگ اور معاونت میں ملوث 114 نیٹ ورکس کا خاتمہ کیا۔
آئی جی پنجاب نے شاندار کارکردگی پر سی ٹی ڈی کو شاباش دی ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے موثر انفارمیشن شئیرنگ سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ دہشت گردوں، سہولت کاروں، فنانسرز سمیت تمام مجرمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔