لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

Published On 08 July,2023 05:40 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

صوبائی دارالحکومت میں صبح کے وقت ہوا کے ساتھ کالے بادل چھائے اور پھر مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی، بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

اسلام پورہ ، گوالمنڈی، ایبٹ روڈ، ہال روڈ، مال روڈ ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، نشتر کالونی، گلشن راوی، ہربنس پورہ سمیت شہر بھر میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

بارش کے باعث بجلی کا نظام بھی مفلوج ہو گیا اور متعدد فیڈرز ٹرپ کرنے کی وجہ سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور گردونواح سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران بھی بارش کا امکان ہے۔