شفاف الیکشن ہی مسائل سے نجات کا ذریعہ ہیں ، ورنہ کشت و خون ہوگا : شیخ رشید

Published On 09 July,2023 02:02 pm

راولپنڈی : (دنیانیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن ہی مسائل سے نجات دلائیں گے، ورنہ کشت و خون ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ‏صرف30  دن کا کھیل باقی ہے ، لوگ ایک مہینہ مہنگائی اور مشکلات کا مزید مقابلہ کریں ، جس روز اسمبلیاں تحلیل ہوں گی اُسی صبح نئی سیاست طلوع ہوگی۔

سابق وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ زمین پر اکڑ کر چلنے والےچادر اور چاردیواری کو روندنے والے زمیں بوس ہو جائیں گے، جیل کا گیٹ ٹوٹے گا، بےگناہ لوگ چھوٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف حکومت اور اُس کے وزیرخزانہ پراعتبار نہیں کرتا، اسی لیے دوسروں سے ضمانت لینے اُن کے گھر گئے ہیں ۔

شیخ رشید نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہ 10 کروڑ لوگ خطِ غربت سے نیچے آ گئے ہیں اور 2 کروڑ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں، یہ ہے 15 مہینے کی حکومت کا کارنامہ۔ 30 دنوں میں پی ڈی ایم میں کھینچا تانی ہو گی، رسہ کشی ہوگی، جوڈو کراٹے ہوں گے اور بٹوارا ہوگا، بنکاک کے شعلے ہوں گےاور بغداد کی راتیں ہوں گی ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا، الیکشن کروانے ہوں گے ، زرداری اور بلاول سیاسی منظر نامے سے غائب ہیں، معلوم نہیں آئی ایم ایف معاہدے کے ساتھ ہیں یا نہیں ہیں، دو تہائی اکثریت کے بغیر اسمبلی میں بنائے گئے قانون کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کی سزا اور اُس کی واپسی بھی دو تہائی کی آئینی ترمیم سے مشروط ہے، جب ذرائع ابلاغ کو پابند سلاسل کردیا جاتا ہے تو ملک افواہوں کی لپیٹ میں آجاتا ہے، جو قرضہ دے رہے ہیں ان کو قرضوں کی واپسی کی گارنٹی بھی چاہیے، ورنہ ڈیفالٹ کی تلوارلٹک رہی ہے ، پہلے ہی عالمی برادری سے تنہا ہوتے جا رہے ہیں وہ کہہ رہے ہیں کہ سیاسی استحکام پیدا کرو ، ان حالات میں یورپی یونین جی ایس پی پلس اسٹیٹس بھی واپس لے سکتی ہے۔