راولپنڈی: (دنیا نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، فسطائیت، چنگیزیت، بربریت اور لاقانونیت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ آج صبح 2 بجے میرے عزیز دوست سید قاسم شاہ کے دونوں گھروں میں میری گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا جب میں نہ ملا تو اُن کے گھروں میں بُرے طریقے سے توڑ پھوڑ کی گئی اور اُن کے اکلوتے 11 سالہ بیٹے سید عون محمد کو اٹھا کر ساتھ لے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:پولیس کے شیخ رشید کے قریبی دوست قاسم شاہ کے گھر 2 چھاپے
انہوں نے کہا کہ میرے گھروں میں 5 مرتبہ ریڈ کیا گیا جبکہ 30 سال پہلے میری مرنے والی ماں کے گھر کو بھی نہیں بخشا گیا، میرے 3 ٹیلی فون، لیپ ٹاپ، گھڑیاں، گاڑیاں سب کچھ لے گئے،عدالت کےحکم کے باوجود میری گاڑیوں کو واپس نہیں کیا جا رہا۔
آج صبح 2بجے میرے عزیزدوست سید قاسم شاہ کےدونوں گھروں میں میری گرفتاری کے لیےچھاپہ مارا گیا جب میں نہ ملا تو اُن کے گھروں میں بُرے طریقے سےتوڑا پھوڑ کی گئی اور اُن کے اکلوتے 11 سالہ بیٹے سید عون محمد کو اٹھا کےساتھ لے گئےمیرے گھروں میں 5 مرتبہ ریڈ کیا گیا جبکہ 30 سال پہلے میری…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 10, 2023
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں اندھیر نگری چوپٹ راج، فسطائیت، چنگیزیت، بربریت اور لاقانونیت ہے، میں اپنی پارٹی کے نشان قلم دوات پر ایک سیٹ پر الیکشن لڑتا ہوں لیکن میرا ٹوئٹ مجھے آزادانہ جینے کا حق نہیں دے رہا، میرے گھروں کو ھلواڑہ اور چونڈہ بنا دیا گیا ہے، میرے ملازمین کو مار مار کر بازو توڑ دیئے گئے، ملازمین کام چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کی مجھ سے زیادہ کسی نے مذمت نہیں کی لیکن میں دباؤ میں آ کر پریس کانفرنس کرنے والوں میں سے نہیں، نسلی اور اصلی ہوں دوستی اور دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جان آنی جانی چیز ہے اور جو قول میرا دنیا بھر میں مشہور ہوا ہے اُسے پھر دہراتا ہوں، موت میری محبوبہ، جیل میرا سسرال، ہتھکڑی میرا زیور ہے، ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے، موت کے منہ سے بھی انشاءاللہ کامیابی چھین لیں گے۔