جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی کا معاملہ، عدالت کا پرویز الٰہی کو 4 بجے پیش کرنے کا حکم

Published On 10 July,2023 11:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) جیل میں سہولیات کی عدم فراہمی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو 4 بجے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں چودھری پرویز الٰہی کو جیل میں سہولیات فراہم نہ کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس امجد رفیق نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی درخواست پر سماعت کی۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے پرویز الٰہی کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست بے بنیاد ہے، پرویز الٰہی سے کوئی سہولت واپس نہیں لی۔

لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الٰہی کو آج چار بجے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ پرویز الٰہی نے جیل میں سہولیات کی عدم دستیابی پر درخواست دائر کی تھی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ ہوں، جیل میں بہتر کلاس قانونی حق ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اے سی، گھر کے کھانے سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے۔