لاہور : (دنیانیوز) سابق وزیراعظم و صدرمسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین نے کیمپ جیل لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چودھری پرویز الہٰی سےایک بارپھر ملاقات کی ہے ۔
ذرائع کے مطابق چودھری شجاعت اور پرویز الہٰی کے درمیان چند روز کے دوران یہ دوسری ملاقات ہے ، چودھری سالک اور چودھری وجاہت حسین بھی چودھری شجاعت کے ہمراہ موجود تھے.
چودھری شجاعت نے پرویزالہی سے ان کی خیریت دریافت کی اورنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
چودھری شجاعت حسین سے ملاقات سے پہلے پرویز الہٰی کے چیک اپ کے لیے میڈیکل بورڈ بھی کیمپ جیل آیا اور ڈاکٹرز نے پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی، چودھری شجاعت حسین نے پرویز الہٰی کو ایک بار پھر تحریک انصاف چھوڑ کر مسلم لیگ ق میں واپسی کی دعوت دی تاہم پرویز الہٰی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا جو تکلیفیں میں نے برداشت کرنی تھیں وہ تو کر لی ہیں، اب چودھری مونس الہٰی میری سیاست کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قابل قبول ہو گا۔