اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی کے ساتھ اس مرحلے کی تکمیل کے لیے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
پاکستان انیشیٹو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سر سبز کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں، پاکستان کو اللہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے، ہم باصلاحیت قوم ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اس کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلہ کی تکمیل کیلئے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں، جنرل سید عاصم منیر نے قرآن پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں"۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ مسلمانوں کیلئے دو ہی حالتیں ہیں جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے جب خوشی ملتی ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے، پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی، انشااللہ۔