سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید آسیان کے وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

Published On 11 July,2023 11:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان علاقائی فورم آسیان کے 30 ویں وزارتی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ اسد مجید خان 30 جولائی کو جکارتہ میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، آسیان ریجنل فورم کا وزارتی اجلاس جکارتہ، انڈونیشیا میں 12 سے 14 جولائی 2023 تک منعقد ہو رہا ہے، اجلاس میں آسیان علاقائی فورم کے 27 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمائندے اور آسیان کے سیکرٹری جنرل شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آسیان کے وزارتی اجلاس میں سیکرٹری خارجہ ایشیا پیسفک کے لیے تشویش کے سیاسی اور سکیورٹی امور پر بات چیت اور تعاون کے ذریعے مشترکہ حل کو فروغ دینے کے لیے بات چیت میں حصہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل اجلاس میں اسرائیلی بیان پر پاکستان کا رد عمل بھی آگیا

جکارتہ میں سیکرٹری خارجہ انڈونیشیائی حکام اور اے آر ایف کے رکن ممالک کے ہم منصبوں اور دورہ کرنے والے وزراء کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے، ڈاکٹر اسد مجید آسیان کی سائیڈ لائن پر تھنک ٹینکس، کاروباری رہنماؤں اور میڈیا کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔

آسیان علاقائی فورم 1994ء میں قائم کیا گیا، یہ علاقائی امن اور سلامتی سے متعلق مسائل پر ایشیا پیسفک کے ممالک کے درمیان مشاورت کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے، 2004ء میں آسیان علاقائی فورم میں شمولیت کے بعد سے، پاکستان فورم کا ایک فعال رکن رہا ہے۔