ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان لانے سے متعلق کیس ،7 جولائی کی سماعت کا حکم نامہ جاری

Published On 12 July,2023 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان لانے سے متعلق کیس میں 7 جولائی کی سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری وزارت قانون و انصاف اور سیکرٹری خارجہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ دونوں وزارتوں کے سیکرٹری آگاہ کریں کہ کیس سے متعلق دستاویزات کو ڈی کلاسیفائیڈ کر کے فراہم کیوں نہیں کیا جا رہا، یہ بات واضح ہو چکی ہے دستاویزات کو صرف قانونی معاملات کیلئے استعمال میں لایا جانا ہے، نئے وکیل کی وجہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی خاندان کے افراد سے ملاقات ممکن ہوئی۔

وزارت خارجہ اور وزارت قانون و انصاف اس معاملے پر کوئی کامیابی حاصل نہیں کر پائے تھے، عدالت کو 13 جولائی سے پہلے مطلوبہ دستاویزات فراہم کر دی جائیں تو سیکرٹریز کے پیش ہونے کی ضرورت نہیں، 13 جولائی کو کسی قسم کی التوا کی درخواست کو منظور نہیں کیا جائیگا۔

حکم نامہ کے مطابق وکیل مسٹر سمتھ کی طرف سے فراہم کی گئی معلومات کو وزارت خارجہ کو فراہم کیا جا رہا ہے، وزارت خارجہ ڈکلیریشن کو دیکھ کر آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کرے، کیس کی مزید سماعت 13 جولائی دن ساڑھے دس بجے ہوگی۔